اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعظم سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے عمران خان کو بلانے کی بجائے اپنے وفد کے ہمراہ ان کی رہائشگاہ پر ملنے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف حفاظتی انتظامات اور پروٹوکول کے بغیر اپنے وفد کے ہمراہ عمران خان کی رہائش گاہ پر پہنچے۔
دونوں رہنمائوں کے درمیان ہونے والی اس اہم ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی، وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان، شاہ محمود قریشی، جاوید ہاشمی، شیریں مزاری، جہانگیر ترین اور پولیٹیکل سیکرٹری آصف کرمانی بھی شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں طالبان سے مذاکرات پر نئی کمیٹی کی تشکیل پر تبادلہ خیالات کیا گیا اور دیگر اہم امور بھی زیر بحث آئے۔