اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے صاحبزادے قاسم اور سلیمان آج لندن سے اسلام آباد پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق قاسم اور سلیمان 4 روز پاکستان میں قیام کریں گے اور بنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ وقت گزاریں گے۔ عمران خان کے وزیراعظم بننے کے بعد ان کے بیٹوں کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان نے گزشتہ ماہ 18 اگست کو وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، تاہم انہوں نے حلف برداری کی تقریب میں اپنے بیٹوں کو شرکت کرنے سے منع کردیا تھا۔
وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد صحافی مہر تارڑ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما اور دونوں صاحبزادوں سلیمان اور قاسم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ‘انہیں اپنے والد پر فخر ہوگا جب وہ انہیں بطور وزیراعظم خدمات انجام دیتے ہوئے دیکھیں گے، جس کے لیے بہت لگن کی ضرورت ہے’۔
تاہم جمائما نے جوابی ٹوئیٹ میں بتایا کہ ‘وہ آنا چاہتے تھے لیکن عمران خان نے دونوں بیٹوں کو تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے سے منع کردیا ہے’۔
جمائما کا مزید کہنا تھا کہ ‘ان کے دونوں بیٹے اداس ہیں کہ وہ وہاں نہیں، لیکن عمران خان اٹل ہیں کہ انہیں تقریب میں نہیں ہونا چاہیے’۔