وزیراعظم عمران خان آج گھوٹکی میں جلسے سے خطاب کریں گے

Imran Khan

Imran Khan

گھوٹکی (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان آج گھوٹکی میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان بذریعہ ہیلی کاپٹر آج دوپہر گھوٹکی پہنچیں گے جہاں وہ خان گڑھ میں جی ڈی اے کے رہنما سردار علی گوہر مہر کے گوہر پیلس میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے، جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر ریلوے شیخ رشید اور وفاقی کابینہ کے دیگر وزراء بھی جلسے میں شرکت کریں گے۔

جی ڈی اے کے رہنما سردار علی گوہر مہر کے مطابق وزیراعظم کے خطاب کے لیے اسٹیج تیار کیا گیا ہے اور جلسہ گاہ میں 4 سے 5 ہزار کرسیاں لگادی گئی ہیں۔

جلسے کے بعد وزیراعظم کو ظہرانہ دیا جائے گا جس کے بعد وہ جی ڈی اے کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کا دورہ کیا تھا اور گوادر میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ ، کوئٹہ میں بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا۔

گوادر میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان کے علاوہ وزیراعلیٰ بلوچستان، چینی سفیر اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔