اسلام آباد(جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی سے متعلق اپیل سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ، عدالت عظمٰی کا تین رکنی بینچ پیر کو سماعت کرے گا۔ درخواست گزار نے پارلیمنٹ میں تقریر کی بنیاد پر وزیر اعظم کو نااہل قرار دینے کی استدعا کی ہے۔
درخواست گزار گوہر نواز ایڈووکیٹ نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ ہائی کورٹ نے وزیر اعظم کی نااہلی سے متعلق درخواست کو سیاسی قرار دے کر مسترد کر دیا تھا۔
چیف جسٹس ناصر الملک کی جانب سے اپیل سماعت کیلئے منظور ہونے کے بعد سپریم کورٹ کی آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ میں اپیل کو شامل کر لیا گیا ہے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سوموار کو سماعت کرے گا۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ وزیر اعظم نے دھرنے والوں سے مذاکرات کیلئے فوج کو ملوث کرنے کے بارے غلط بیانی کی۔ نواز شریف نے جھوٹ بولنے کے علاوہ فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔ آئین کے آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ کی بنیاد پر انہیں نااہل قرار دیا جائے۔