اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو نااہل قرار دینے سے متعلق درخواستیں تحریک انصاف کے رہنماء اسحاق خاکوانی اور مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی جانب سے دائر کی گئی ہیں۔
چودھری شجاعت حسین نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ حالیہ سیاسی صورتحال میں وزیر اعظم نواز شریف نے پارلیمنٹ کے فلور پر جس طرح سے پاک فوج کے متعلق غلط بیانی کی اُس کی مثال نہیں ملتی۔
آئین کے مطابق پارلیمنٹ کے فلور پر غلط بیانی کرنے والا رکن صادق اور امین نہیں رہتا لہذا وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیا جائے اور سپریم کورٹ ان کو وزیر اعظم کے عہدے پر کام کرنے سے روکنے کے لئے فوری احکامات جاری کرے۔
پی ٹی آئی کے رہنماء اسحاق خاکوانی نے بھی اپنی درخواست میں نواز شریف کی غلط بیانی کو بنیاد بنا کر عدالت سے وزیراعظم کو نااہل قرار دینے کی استدعا کی ہے۔