وزیراعظم کا بھارتی ہم منصب کو خط: مذاکرات کا سلسلہ بحال کرنے پر زور

Narendra Modi - Imran Khan

Narendra Modi – Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندری مودی کو خط لکھا جس میں مذاکرات کا سلسلہ بحال کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

بھارتی اخبار ‘ٹائمز آف انڈیا’ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نریندر مودی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل حل کریں۔

وزیراعظم عمران خان نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی بھارتی ہم منصب سشما سوراج سے ملاقات پر بھی زور دیا۔

دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں رواں ماہ شرکت کریں گے۔

بھارتی اخبار کے مطابق عمران خان نے خط بھارتی وزیراعظم کی جانب سے بامعنی مذاکرات پر زور کے بعد بھیجا، نریندر مودی نے بامعنی مذاکرات کی بات عمران خان کی انتخابات میں کامیابی کے بعد کی جانے والی تقریر کے جواب میں کہی تھی۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد اپنی وکٹری تقریر میں کہا تھا کہ تعلقات معمول پر لانے کے لیے اگر بھارت ایک قدم آگے بڑھے گا تو پاکستان 2 قدم بڑھائے گا۔