لاہور (جیوڈیسک) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کسی بھی ادارے کیخلاف انتقامی کارروائی کے سخت خلاف ہیں، نیب پر ان کی تنقید کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اس ادارے کے خلاف ہیں۔
رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ اگر ملکی اداروں میں کوئی کمی ہے تو وزیر اعظم اس کے ذمہ دار نہیں، انہوں نے نیب کے حوالے سے جو بیان دیا ہے اس کو مثبت انداز میں لینا چاہیئے۔ انہوں نے نیب کے حوالے سے جو کہا اس کی بہتری کیلئے کہا ہے۔
اورنج لائن میٹرو ٹرین کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے حوالے سے مخالفین کی جانب سے پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ اس میں کروڑوں کی کرپشن ہوئی ہے، میں واضح کردینا چاہتا ہوں کہ اس منصوبے میں کسی قسم کی کرپشن نہیں ہوئی۔
اس حوالے سے ملک میں نیب جیسا ادارہ موجود ہے جو کرپشن کے خلاف ایکشن لینے کا مجاز ہے، نیب کو اپنا کام پوری ذمہ داری سے کرنا چاہیئے اور اگر کسی ملکی منصوبے میں کرپشن ثابت ہوئی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔