اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے لواحقین میں 30، 30 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کر دیئے۔
وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی ایئرپورٹ حملے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کو 30، 30 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے اور ورثا کے لیے سرکاری ملازمتوں کا بھی اعلان کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مادر وطن کے لئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی بلکہ شہدا کی قربانیوں سے قوم اور وطن کا وقار ہمیشہ بلند رہے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ شہری ہوابازی کو بہتر بنانے کے لئے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں اور وقت کا تقاضہ بھی یہی ہے کہ جو افراد 14 گھنٹے میں پروازیں بحال کر دیتے ہیں انہیں سہولتیں فراہم کی جائیں۔
واضح رہے کہ 8 اور 9 جون کی درمیانی شب جدید اسلحہ سے لیس دہشت گردوں نے کراچی ایئرپورٹ پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں اے ایس ایف، رینجرز اور پولیس اہلکاروں سمیت 28 افراد جاں بحق جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں تمام حملہ آور بھی مارے گئے۔