کراچی (جیوڈیسک) بدامنی روکنے کے لئے حکومت نے تیاریاں مکمل کر لیں۔ وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لئے وزیر اعظم کل کراچی پہنچیں گے۔ پولیس حکام اور بیورو کریسی بھی رپورٹ کے لئے سر جوڑ کر بیٹھ گئی۔ کراچی میں دیرپا قیام امن کے لئے حکومتی سطح پر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
اس حوالے سے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس پرسوں کراچی میں منعقد ہو گا جس میں کراچی کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں گورنر، وزیر اعلی سندھ، آئی بی، آئی ایس آئی اور رینجرز کے ڈائریکٹرز آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی سمیت تینوں زونز کے ڈی آئی جیز بھی شریک ہوں گے۔
وزیر اعظم نواز شریف 2 روزہ دورے پر کل کراچی پہنچیں گے۔ دورے کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اس حوالے سے پولیس حکام اور بیورو کریسی بھی رپورٹ کے لئے سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہے۔ وزیر داخلہ کراچی میں بدامنی کے خاتمے سے متعلق اپنی رپورٹ وزیر اعظم کو پہلے ہی پیش کر چکے ہیں۔
رپورٹ میں بدامنی میں ملوث افراد سے متعلق حساس اداروں کی معلومات اور جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کرنے والوں کی تفصیلات بھی بیان کی گئی ہیں۔ خصوصی اجلاس میں رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر اعظم اپنے کراچی میں قیام کے دوران کراچی چیمبرآف کامرس کے نمائندوں کے علاوہ مختلف شعبوں کے ماہرین سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔