خانیوال (جیوڈیسک) وزیراعظم میاں نواز شریف نے خانیوال میں گرلز ہائی اسکول کا دورہ کیا اور اسکول کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، اس موقع پر وہ بچیوں میں گھل مل گئے اور ان سے نعرے بھی لگوائے۔
خانیوال میں ملتان موٹر وے سیکشن کے افتتاح کے بعد وزیراعظم میاں نواز شریف نے شام کوٹ میں گرلز ہائی اسکول کااچانک دورہ کیا۔وزیراعظم نے اسکول کے اساتذہ سے مسائل سنے۔
اس موقع پر انہوں نے اسکول کی عمارت کا معائنہ کیا اور کلاس روم کا دورہ کیا،واٹر کولر کو دیکھا تو کہا کہ اس کی وائرنگ ٹھیک کی جائے۔
وزیراعظم نے معززین علاقہ، اساتذہ اور بچیوں سے خطاب کرتے ہوئے اسکول میں آئی ٹی لیب کے قیام اوراسکول کو ہائر سیکنڈری کا درجہ دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ وقت آنے پر اسے ڈگری کالج بھی بنایا جائے گا۔
وزیراعظم میاں نواز شریف بچوں میں گھل مل گئے، بچے بھی وزیراعظم کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشی سے پھولے نہ سمائے۔ وزیراعظم میاں نواز شریف نے بچوں سے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگوائے۔