اسلام آباد (جیوڈیسک) نون لیگ کی حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے بجٹ میں وزیراعظم کی یوتھ بزنس لون اسکیم، تعلیم یافتہ نوجوانوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے اور چھوٹے کاروبار کیلئے سود سے پاک قرضہ دینے جیسے پروگراموں کا اعلان کیا۔
وزیراعظم کی اعلان کردہ 6 خصوصی اسکیموں میں سے 5 میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق آئندہ ماہ پہلے مرحلے میں کالج اور یونیورسٹی کی سطح کے ایک لاکھ طلباء و طالبات میں سے 50 ہزار کو لیپ ٹاپ فراہم کر دیئے جائیں گے۔
منصوبے پر 4 ارب روپے لاگت آئے گی۔ 5 ارب روپے مالیت کی یوتھ بزنس لون اسکیم کے تحت وزیراعظم نواز شریف ایک ہزار نوجوانوں کو قرضے کے چیک خود دیں گے جبکہ کاغذات پورے کرنے والے تقریبا 6 ہزار دیگر نوجوانوں کیلئے قرضہ اندازی ہو گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسکیموں کا مقصد نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہے۔ حکام کے مطابق ساڑھے تین ارب روپے مالیت کی سود سے پاک قرض دینے کی اسکیم کا افتتاح آئندہ ماہ ہری پور سے کیا جائے گا۔
کم ترقی یافتہ علاقوں کے طلباء کی فیس ادا کرنے کی اسکیم کا دوسرا مرحلہ 2 جون سے پشاور میں شروع ہوگا۔ منصوبے کیلئے بجٹ میں 1 ارب 20 کروڑ روپے رکھے گئے تھے۔ ملک بھر کی ایوان ہائے صنعت و تجارت کے تعاون سے 25 ہزار نوجوانوں کو مختلف اداروں میں روزگار کی تربیت دینے کا عمل پہلے سے جاری ہے۔
منصوبے پر 80 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ اپوزیشن نے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ اور قرضے دینے جیسی اسکیموں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کے لیئے اسکیمیں شروع کرنے میں کوئی حرج نہیں تاہم شفافیت ضروری ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق نئے مالی سال میں نوجوانوں کے لئے اعلان کردہ اسکیموں کے لئے فنڈز میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔