اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف آج لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔
وزیراعظم نواز شریف کی منگل کو اوپن ہارٹ سرجری ہونا ہے تاہم اس سے قبل وزیراعظم آج ویڈیو لنک کے ذریعے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر غور کیا جائے گا جب کہ بجٹ پر بات چیت کے بعد اس کی منظوری بھی اجلاس کے دوران ہی دی جائے گی۔
دوسری جانب سرکاری ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کابینہ یا قومی اقتصادی کونسل کے اجلاسوں کی صدارت کے لئے وفاقی کابینہ کے کسی بھی رکن کو نامزد کرسکتے ہیں اور نامزد کردہ رکن آئین کی شق 48 کے تحت صدر امور کی انجام دہی کے لئے وزیراعظم یا کابینہ کی سفارشات کے مطابق عمل کریں گے۔