اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نوازشریف کی دورہ امریکا کے لیے آج روانگی کا امکان ہے۔ وزیراعظم پہلے مرحلے میں لندن پہنچیں گے۔ وہ دورے کے دوران اوباما سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
دورہ امریکا کے دوران صدربارک اوباما سے ملاقات میں وزیراعظم نوازشریف انہیں پاکستان کی اقتصادی بحالی پرآگاہی دیں گے، وہ صدر بارک اوباما کو دہشت گردی کے خلاف جنگ، آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں اورپاکستانیوں کی قربانیوں سے بھی آگاہ کریں گے۔
دونوں رہنما افغانستان، جنوبی ایشیا اورعالمی صورتحال پربھی تبادلہ خیال کریں گے، وزیراعظم نوازشریف امریکہ کے چیئرمین ہاؤس فارن افیئرز کمیٹی، سینٹ کے اراکین خارجہ امورکمیٹی سے بھی ملاقاتیں کریں گے، پاک امریکہ بزنس کونسل اور امریکی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ارکان سمیت امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی سے سے ملاقات اور یونائٹڈ اسٹیٹس انسٹی ٹیوٹ آف پیس سے خطاب بھی وزیراعظم کے شیڈول میں شامل ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم نوازشریف اور امریکی صدر باراک اوباما کے درمیان ملاقات 23 اکتوبر 2013 ءکو اوول ہاؤس میں ہوئی تھی۔