اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھا شخص ڈھٹائی سے کہہ رہا ہے کہ مہنگائی کی وجہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی ہیں۔
نگر کی کارنر میٹنگز سے خطاب کے دوران مریم نواز کا کہنا تھا کہ ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے وزیراعظم کو اس کا علم ہی نہیں ہے، وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھا شخص ڈھٹائی سے کہہ رہا ہے کہ ملک میں منہگائی نہیں، منہگائی مسلم لیگ ن اور اپوزیشن کا پروپیگنڈا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ لوگ وزیراعظم اور اس کی جعلی حکومت کو بد دعائیں دے رہے ہیں۔
رہنماون لیگ مریم نواز نے مزید کہا کہ عمران خان کے وزراء گلگت بلتستان میں ماؤں بہنوں کی تضحیک کر رہے ہیں، ایسے لوگوں کی ملک کی سیاست میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے آس پاس آٹا چینی چور اور عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈالنے والے بیٹھے ہیں، عوام آٹے چینی کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان ہیں، یہ حکومت آخری دھکے کے بعد اس سال کے آخر تک جانے والی ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ محترمہ کی باتیں سنیں تو ایسا لگتا ہے کہ بی بی نے پورا گلگت بلتستان جیت لیا ہے۔
شہباز گل نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں ن لیگ کے پاس امیدوار نہیں ہے، جو چند ہیں وہ ملک دشمن بیانیے کی وجہ سے ساتھ چھوڑ رہے ہیں۔