وزیراعظم نے ارکان پارلیمنٹ کے ترقیاتی فنڈز ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے سیاستدانوں میں بدعنوانی کی حوصلہ شکنی کے لئے آئندہ مالی سال سے عوامی نمائندوں کے لئے ترقیاتی فنڈز ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پولیو کے خاتمے کے بارے میں رہبر کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے تمام وزرائے اعلیٰ پر یہ زور دیا کہ وہ اپنے صوبوں میں بدعنوانی پر قابو پانے کے لئے ٹھوس اقدامات کریں۔ نواز شریف نے اجلاس کو بتایا کہ انھوں نے آئندہ مالی سال سے متعلقہ انتخابی حلقوں میں ترقیاتی کاموں کے نام پر سینیٹ اورقومی اسمبلی کے ارکان کو دیے جانے والے اربوں روپے کے فنڈ روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایسی اطلاعات ہیں کہ ان فنڈز کا غلط استعمال ہو رہا ہے اور بدعنوانی کو فروغ دیا جارہا ہے اس لئے بدعنوانی کا یہ دروازہ بند کرنے کے لئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ملک میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے

اور صوبائی حکومت کے تمام ترقیاتی فنڈز کو فوری اور معیاری ترقی یقینی بنانے کی طرف منتقل کرنے کا ارادہ ہے۔ نچلی سطح پر عوامی نمائندوں پر مشتمل مقامی حکومتیں ان فنڈز کوعوام کی بہتری پر شفاف اندازمیں استعمال کرنے کی بہتر پوزیشن میں ہوں گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فنڈز کی مقامی حکومتوں کو منتقلی سے بدعنوانی پر قابو پانے اور مقامی سطح پرعوامی مسائل بہتر طور پر حل کرنے میں مدد ملے گی۔ نواز شریف نے وزرائے اعلیٰ کو یہ بھی کہا کہ وہ اپنے صوبوں میں صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کو ترقیاتی فنڈز کا اجراء روکنے پرسنجیدگی سے غور کریں اور تیز اور شفاف ترقی کے لئے یہ فنڈز منتخب مقامی حکومتوں کو منتقل کئے جائیں۔

انہوں نے کہا مقامی حکومتوں کو فنڈز کی منتقلی اور لوگوں کے لئے ان کے منصفانہ استعمال سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی نیک نامی ہوگی اوران کے بارے میں لوگوں کے خیالات بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔