ملتان (جیوڈیسک) بلال بھٹو زرداری کا کہنا ہے 3 بار وزیراعظم رہنے والے نے میٹرو کے علاوہ کیا کیا ؟ ن لیگ نے ٹیکسٹائل اور ایگری کلچر سیکٹر کو چن چن کر تباہ کیا، جنوبی پنجاب کو اس کا حق نہیں دیا جا رہا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملتان میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا مسلم لیگ ن تو ختم ہوگئی ہے، اب مسلم لیگ ش 2018 کے انتخابات میں حصہ لے گی، ہم نے ابھی مسلم لیگ ش کیخلاف بھی لڑنا ہے۔ انہوں نے کہا عوام کیلئے یکساں نظام انصاف چاہتے ہیں، ن لیگ کا وی آئی پی احتساب ہو رہا ہے، تمام افراد کا احتساب برابری پر ہونا چاہیئے، ن لیگ نے صنعتوں، انڈسٹری اور زراعت کو تباہ کر دیا۔ ان کا کہنا تھا ن لیگ 5 سال سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی بات کر رہی ہے، شاید تخت رائیونڈ میں لوڈشیڈنگ ختم ہو گئی ہو۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا عوام کو اس سے غرض نہیں کہ مجھے کیوں نکالا، عوام صرف اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں، شہری صاف اور میٹھے پانی کو ترس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ایک مضبوط الیکشن کمیشن چاہتے ہیں، ایسا الیکشن کمیشن ہو جس پر کسی کو اعتراض نہ ہو، چاہتے ہیں الیکشن کمیشن خود اصلاحات کرے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا ایٹمی پاکستان اور سی پیک کی بنیاد پیپلز پارٹی نے رکھی، تاریخ دیکھ لیں ملکی ترقی پیپلز پارٹی کے دور میں ہوئی۔ انہوں نے کہا ذوالفقار علی بھٹو نے عام آدمی کو اس کا حق دلایا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پیپلز پارٹی نے شروع کیا۔ ان کا کہنا تھا سندھ میں صحت کے شعبہ میں انقلابی قدم اٹھایا ہے، عالمی معیار کے ہسپتال بنائے جس میں مریضوں کا مفت علاج کیا جا رہا ہے، پیپلز پارٹی نے ن لیگ کی طرح صرف ایک شہر پر توجہ نہیں دی۔