اسلام آباد (جیوڈیسک) ذرائع کے مطابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف قوم سے اپنے خطاب میں لانگ مارچ اور انقلاب مارچ سے متعلق حکومت کی حکمت عملی کا اعلان کریں گے اور اس حوالے سے حکومت کی طرف سے کئے گئے فیصلوں پر قوم کو اعتماد میں لیں گے۔ وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے ٹویٹر پیغام میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ نواز شریف کل قوم سے خطاب کریں گے۔
اس سے قبل آج رائیونڈ لاہور میں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کی مشاورتی ملاقات ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب اور متعدد وفاقی وزراء شریک ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ الیکشن میں کامیابی پر عمران خان نے مبارک باد دی، اب احتجاج کس بات کا ہے؟۔
وزیراعظم نے ایک بار پھر دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے بھی عمران خان کے گھر گئے آج بھی جانے کے لئے تیار ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا انقلاب کی بات کرنے والےکینیڈا سے بھاگ کر آئے ہیں۔ ایسے لوگوں کا ایجنڈہ دیکھ کر انہیں ہنسی آتی ہے جنہیں دو سو ووٹ ملے ہوں۔ نواز شریف نے کہا کہ ترقی کا واحد راستہ جمہوریت ہے۔
آمریت کبھی منزل تک نہیں پہنچا سکتی۔ انقلاب یہ ہے کہ ایک حکومت ووٹ کے ذریعے گئی اور دوسری آئی۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ خطرہ ہماری حکومت کو نہیں بلکہ ملک کو ہے۔ تمام مطالبات پر غور کرنے اور پارلیمنٹ سے منظور کرانے پر تیار ہیں۔ عمران خان الیکشن اصلاحات کمیشن کے سربراہ بن جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کا معاملہ عدالت میں ہے، فیصلے پر عمل کریں گے۔