اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے ملک میں جاری سیاسی بحران کے حل کے لئے مڈ ٹرم الیکشن کی تجویز دے دی ، ان کا کہنا ہے وزیر اعظم خود وسط مدتی انتخابات کا اعلان کریں تو یہ نظام کے لئے بہتر ہوگا۔
اسلام آباد میں سید خورشید شاہ نے ملک میں جاری سیاسی بحران کے حل کے لئے وسط مدتی انتخابات کے انعقاد کی تجویز دیتے ہوئے کہا وزیر اعظم خود وسط مدتی انتخابات کا اعلان کر دیں تو یہ نظام کیلئے بہتر ہوگا۔
انہوں نے کہا وزیر اعظم سے گن پوائنٹ پر ایسا کرانا مناسب نہیں ، خورشید شاہ نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ نظام اور پارلیمنٹ قائم رہے ، ان کا کہنا تھا انتخابات میں دھاندلی کی سپریم کورٹ کے ذریعے تحقیقات کرائی جائیں۔
خورشید شاہ نے کہا اپوزیشن جرگہ کو چاہئے کہ وہ دونوں جماعتوں کی قیادت سے براہ راست مذاکرات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف آئینی وزیر اعظم ہیں اور مینڈیٹ ملنے پر آصف زرداری اور عمران خان نے انہیں مبارکباد بھی دے چکے ہیں۔