رومانیہ (اصل میڈیا ڈیسک) رومانیہ کے وزیر اعظم کے لیے اپنے دفتر میں اپنی ہی سالگرہ کی چھوٹی سے پارٹی میں ماسک پہنے بغیر شرکت کرنا اور سگریٹ پینا شرمندگی اور سزا کا باعث بن گئے۔ اس پارٹی میں شریک چار دیگر وزراء کو بھی جرمانے کی سزائیں سنا دی گئی۔
بخاریسٹ سے پیر یکم جون کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق مشرقی یورپ کے اس ملک میں ماضی میں شاید ہی کبھی ایسا ہوا ہو کہ ملکی قوانین کی خلاف ورزی کے جرم میں نہ صرف سربراہ حکومت بلکہ چار دیگر وزراء کو بھی سزائیں سنا دی گئی ہوں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وزیر اعظم لُوڈووچ اوربان کی چھوٹی سی غیر رسمی برتھ ڈے پارٹی میں کچھ دیر کے لیے بس یہی پانچوں افراد شریک ہوئے تھے۔
رومانیہ میں بھی کئی یورپی ممالک کی طرح عوامی عمارات اور سرکاری دفاتر میں تمباکو نوشی منع ہے۔ لیکن وزیر اعظم اوربان کو ان کی سالگرہ کے موقع پر مبارک باد دینے کے لیے جو چھوٹا سا اجتماع ان کے دفتر میں ہوا، اس میں پانچوں وزراء میں سے کسی نے بھی کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی ماسک یا صحیح طرح حفاطتی ماسک نہیں پہنا ہوا تھا۔
غلطی لیکن بس ماسک نہ پہننے ہی کی نہیں تھی۔ وزیر اعظم اوربان نے اپنے دفتر میں ایک سگریٹ بھی پیا جبکہ وزیر خارجہ بوگدان آؤریسکو نے تو ایک سگار بھی سلگا لیا۔ مزید خرابی اس وقت ہوئی جب اس چھوٹی سی پارٹی کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کر دی گئی۔ اس پر شہریوں نے وزیر اعظم اور باقی چاروں وزراء پر تنقید کرتے ہوئے یہ پوچھنا شروع کر دیا، ”یہ وزیر اعظم کے دفتر میں ہو کیا رہا تھا اور کیوں؟‘‘
اس کے بعد بات پھیلی تو متعلقہ سرکاری محکمے کے حکام نے پانچوں سیاستدانوں کو جرمانہ بھی کر دیا۔ ملکی خبر رساں ادارے میڈیا فیکس نے بتایا کہ وزیر اعظم اوربان اور باقی چاروں وزراء کو جو جرمانے کیے گئے، وہ انہوں نے ادا کر بھی دیے ہیں۔ لُوڈووچ اوربان کو اس پارٹی میں ماسک نہ پہننے پر 500 یورو کے برابر اور سرکاری دفتر میں تمباکو نوشی کرنے پر 100 یورو کے برابر جرمانہ کیا گیا۔
اسی طرح وزیر خارجہ کو بھی ماسک نہ پہننے اور سرکاری دفتر میں سگار پینے پر کُل 600 یورو کے برابر جرمانہ کیا گیا۔ وزیر اقتصادیات پوپیسکو اور وزیر ٹرانسپورٹ بوڈے پر فی کس 500 یورو جرمانہ عائد کیا گیا۔ انہوں نے ماسک نہیں پہنے ہوئے تھے مگر انہوں نے تمباکو نوشی بھی نہیں کی تھی۔
سب سے کم جرمانے کی سزا رومانیہ کے نائب وزیر اعظم تورکان کو سنائی گئی، جو 200 یورو کے برابر تھی۔ انہوں نے تمباکو نوشی تو نہیں کی تھی، لیکن چہرے پر ماسک پہنا ہوا تھا۔ تاہم ان سے غلطی یہ ہوئی کہ انہوں نے اپنے منہ اور ناک کو ڈھانپنے کے بجائے اپنا حفاظتی ماسک صرف گلے میں پہنا ہوا تھا۔
رومانیہ میں کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے آج پیر یکم جون تک تقریباﹰ 20 ہزار افراد بیمار اور تقریباﹰ 1300 ہلاک ہو چکے ہیں۔