لاہور (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہ نما سینیٹر چودھری اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ جنرل راحیل شریف نے یقیناً بہت اچھا کام کیا ہے، مگر ہم کسی کی بھی مدت ملازمت میں توسیع کے حق میں نہیں۔ سندھ میں وفاق زیادتی کر رہا ہے، پاکستان اور بھارت کو مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کرنا چاہئے۔
لاہورہائیکورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کو مدت ملازمت پوری کرنے پر ریٹائر ہو جانا چاہئے، وزیراعظم شاید اپنی غلطیوں کے باعث معیاد پوری نہ کر سکیں، دیکھنا ہے کہ وزیراعظم کب اپنی ٹانگ پر کلہاڑی ماریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کبھی بھی کسی دہشت گردی کی حمایت نہیں کی، اگر کسی نے پٹھان کوٹ دہشت گردی میں پاکستان کو ملوث کرنے کی کوشش کی ہے تو اس کی مذمت کرتے ہیں۔
اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ آصف علی زر داری کی صحت کا مسئلہ ہے، وہ ضرور پاکستان آئیں گے، ڈاکٹر عاصم دہشت گرد نہیں،اگر کرپشن کی ہے تو بے شک کارروائی ہونی چاہئے۔