وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد میں آئی بی ہیڈ کوارٹر کے دورے کے دوران آئی بی میں نئی بھرتیوں کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم نواز شریف نے آئی بی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں وزیر اعظم کو اندرونی اور بیرونی خطرات اور قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز پر بریفنگ دی گئی۔ آئی بی حکام کی جانب سے وزیراعظم کو انٹیلی جنس بیورو کی پیشہ ورانہ ورکنگ کے بارے میں بھی بریف کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے آئی بی کی استعداد کار کو بڑھانے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کے مختلف منصوبوں کی منظوری دی۔ وزیر اعظم نے ملکی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر آئی بی میں نئی بھرتیوں پر عاید پابندی بھی ختم کر دی۔ وزیرداخلہ، وزیرخزانہ اور وزیر اطلاعات بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔