وزیراعظم نواز شریف واشنگٹن پہنچ گئے، آج شب جان کیری سے ملاقات کرینگے

Nawaz Sharif - John Kerry

Nawaz Sharif – John Kerry

واشنگٹن (جیوڈیسک) وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف اپنے چار روزہ دورہ امریکا پر پاکستانی وقت کے مطابق اتوار کی شب واشنگٹن کے اینڈریوز ائیربیس پر پہنچے تو وہاں موجود امریکی حکام اور پاکستانی سفارتخانے کے ارکان نے انکا گرم جوشی سے استقبال کیا، ذرائع کے واشنگٹن میں موجود نمائندے واجد علی سید کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ انکی اہلیہ بیگم کلثوم نواز، وزیراعظم کے معاون برائے امور خارجہ طارق فاطمی اور وزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔

ادھر بتایا جاتا ہے کہ واشنگٹن میں وزیراعظم کے لیے سیکیورٹی سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ وزیر اعظماب سے تقریبا ڈہائی سے تین گھنٹے بعد امریکی وزیرخارجہ جان کیری سے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں ملاقات کرینگے۔ جس میں دو طرفہ امور پر اہم بات چیت کی جائے گی۔

وزیراعظم کے استقبال کے لیے امریکی وزارت خارجہ کے اہم ارکان رابن رافیل، پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور دیگر حکام ائیرپورٹ پر موجود تھے، جبکہ امریکا کیلیے نامزد پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی اور دیگر پاکستانی حکام بھی موجود تھے۔ ائیرپورٹ سے وزیراعظم کو انکے وفد کے ہمراہ انکے ہوٹل پہنچایا گیا۔ وزیراعظم 23 اکتوبر کو امریکی صدر اوباما سے ملاقات کرینگے۔ جبکہ وہ پاکستانی کمیونٹی سے بھی خطاب کریں گے۔