اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف تین روزہ دورے پر ترکی روانہ ہو گئے، دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے نو سمجھوتوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ دورہ ترکی کے دوران وزیر اعظم نواز شریف ترک صدر عبداللہ گل اور ترک ہم منصب رجب طیب اردوان سے ملاقاتیں کریں گے۔
ان ملاقاتوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور افغانستان کے حوالے سے علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیر اعظم استنبول میں بزنس فورم سے خطاب، تجارتی اداروں کے سربراہوں، سرمایہ کاروں اور پاکستانی تاجروں سے ملاقاتیں بھی کریں گے، نواز شریف کو ایک خصوصی تقریب میں ریپبلک آرڈر کا اعزاز بھی دیا جائے گا۔