لاہور (جیوڈیسک) وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی آج چونسٹھ ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے انہیں پاکستان کی تاریخ میں تیسری مرتبہ وزارت عظمیٰ کا قلمدان سنبھالنے اور طویل ترین عرصے اقتدار میں رہنے کا منفرد اعزاز بھی حاصل ہے۔
25 دسمبر 1949 کو لاہور میں پیدا ہوئے، سینٹ انتھونی ہائی اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجوایشن کے بعد پنجاب یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری لی۔
سیاسی کیریر کا آغاز تحریک استقلال سے کیا۔ 1981 میں پنجاب کی کابینہ میں وزیر خزانہ رہے انہیں کھیلوں اور خصوصاً کرکٹ سے خصوصی دلچسپی رہی۔
نواز شریف خود بھی کرکٹ کے اچھے کھلاڑی رہ چکے ہیں۔ 9اپریل 1985 کو پنجاب کے وزیر اعلیٰ کا حلف اٹھایا۔ 6 نومبر 1990 کو پہلی بار وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا۔
دوسری بار 1997 میں وزیراعظم بنے۔ 2013 کے انتخابات میں مسلم لیگ کی کامیابی کے بعد نواز شریف ملک میں تیسری مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوئے۔