اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی ہے، وزیر اعظم ہائوس میں ہونے والی ملاقات میں شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب اور آئی ڈی پیز سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی اورآرمی چیف نے وزیراعظم کو آپریشن ضرب عضب میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے جوانوں نے آپریشن میں عظیم قربانیاں دی ہیں اور وہ ہمارے مستقبل کےلیے جنگ لڑ رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ فوجی جوانوں کی قربانیوں کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ امن و استحکام پاکستان کی منزل ہے۔
اس سے قبل وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے بھی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں آپریشن ضرب عضب اور ملک کی داخلی سلامتی کی صورت حال پر بات کی گئی۔