اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم ہاؤس میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان، وزیرخزانہ اسحاق ڈار سمیت اعلیٰ سیاسی و عسکری شخصیات نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وزیرداخلہ اور مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے شرکا کو ملکی سیکیورٹی صورتحال اور دہشت گردوں کے خلاف جاری کاروائیوں سے متعلق بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران سول و عسکری قیادت نے دہشت گردی کے خلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بھرپور طاقت استعمال کرنے کے علاوہ مختلف فیصلے کئے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار اجلاس کے دوران کئے گئے فیصلوں پر قومی اسمبلی کو اعتماد میں لیں گے۔
واضح رہے کہ 8 اگست کو کوئٹہ کے سول اسپتال میں دھماکے کے نتیجے میں وکلا اور صحافیوں سمیت 73 افراد جاں بحق اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔