اسلام آباد : وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے دورہ چین سے ملک میں ترقی اور خوشحالی آئے گی، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔دھرنوں کے ذریعے پاک چین دوستی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والے ناکام ہونگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا،انہوں نے کہا کہ جب بھی چین کے صدرکا دورہ پاکستان قریب آتا ہے یاچین کے ساتھ دوطرفہ تجارت کے فروغ، انفراسٹرکچر کی ترقی، عوامی سطح پر رابطوں کے استحکام اور ملک میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے مسئلے پر بات چیت حتمی مراحل میں داخل ہوتی ہے،عمران خان اپنے کنٹینر کو ”ریورس گیئر،،لگالیتے ہیں،انہوں نے کہا کہ عمران خان اصلی دھرنا دیں یا نقلی دھرنا دیں قوم کا بچہ بچہ انہیں ”پاک چائنہ دوستی زندہ باد کے نعرے لگاتا ہوا نظر آئیگا،ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، حکومت لوڈ شیڈنگ کے خاتمے سمیت عوام سے کیا ہوا ہر وعدہ پورا کرے گی،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اعلی چینی قیادت کے ساتھ باہمی ملاقاتوں کے علاوہ ایپک اکنامک سمٹ میں مستحکم و مربوط شراکت داری کے موضوع پر ڈائیلاگ میں حصہ بھی لیں گے جس میں میانمر لاس منگولیا کمبوڈیا تاجکستان اور بنگلہ دیش کے سربراہان مملکت بھی شرکت کر رہے ہیں۔وزیراعظم محمد نواز شریف کے دورہ چین کے دوران دونوں ممالک کے مابین مفاہمت کی متعدد یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں جس سے دوطرفہ تجارت کے فروغ، انفراسٹرکچر کی ترقی، عوامی سطح پر رابطوں کے استحکام اور ملک میں لوڈ شیڈنگ کے مسئلے کے خاتمے میں مدد ملے گی ،33 ارب ڈالر مالیت سے 16520میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے 21سے زائد منصوبوں کی تکمیل سے ملک کے مختلف شعبوں میں نمایاں بہتری آئے گی، یہ دورہ ملک میں46 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور دھرنوں سے ملکی معیشت کو پہنچنے والے نقصان پر قابو پانے کے لئے بھی خصوصی اہمیت کا حامل ہو گا ۔چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے کبھی بھی صوبوں کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تعصب کی عینک پہن کر فیصلہ نہیں کیا۔
عمران خان کی اقتصادی راہداری کے منصوبوں کو پنجاب کے اندر لگانے کی بات بے بنیاد ہے،توانائی کے منصوبے صرف پنجاب میں نہیںپورے ملک میں شروع کیے جا رہے ہیں،صوبوں کی طرف سے آنے والے ترقیاتی منصوبوں کو پاکستان کے مفاد میںپرکھا جاتا ہے،عمران خان اپنی سیاست کو سیاست رہنے دیں ملک کے مفاد سے نہ کھیلیں،سڑکوں اور چوراہوں پر سیاست کی بجائے عمران خان پارلیمنٹ میں آکر بات کریں ،عمران خان کا کاروبار چندہ پر چل رہا ہے انہیں چندہ اکٹھا کرنے کا نوبل انعام ملنا چاہیے، دھرنے اور لانگ مارچ موجودہ دورمیں اقتصادی دہشت گردی ہے،طاہرالقادری نے قومی مفاد میں دھرنا چھوڑکر انتخابات کے ذریعے سسٹم تبدیل کرنے کا اچھا فیصلہ کیا ہے،چوہدری عابد شیر علی نے عمران خان کو سیاسی مفلس قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی پر تہمت لگانا۔
کسی کو گالی دینا،کسی کا مال کھانا اور کسی کواکساکر ناحق مروانااسلام اور پاکستان کی خدمت نہیں ہے،عمران نوجوان نسل کو گالی گلوچ، عدم بردداشت، تشدد، کردار کشی اور اداروں کی تضحیک کے سوا کیا دے رہے ہیں۔ ملتان جیل کا واقعہ دھرنوں کا شاخسانہ ہے،کیا بے راہ روی کی آغوش میں پنپنے والی نسل نئے پاکستان کی تعمیر کرے گی؟ حکومت پاکستان نے وژن 2025میں اسی حقیقت کے پیش نظر سوشل کیپیٹل کی تعمیر کو اپنی ترقیاتی پالیسی کے اہم ترین ستون کے طور پر شامل کیا ہے۔ ہم ایک ایسے معاشرے کی تعمیر کریں گے جہاں احترام آدمیت، آزادی عقیدہ، عزت نفس اور ترقی پسند ذہنیت کو ترویج دی جائے گی۔