اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے اعلان کردہ کسان پیکج کو ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں شاہد اورکزئی کی جانب سے دائردرخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے 341 ارب روپے مالیت کے کسان ریلیف پیکج کا اعلان کیا، اتنی خطیر رقم کی ادائیگی کیلئے سپلیمنٹری بجٹ لایا جانا ضروری ہے، ضمنی بجٹ کے بغیر خطیر رقم کی ادائیگی کی آئین میں گنجائش نہیں، اس لئے عدالت عالیہ سے استدعا ہے کہ کسان پیکج کے ذریعے کی جانے والی ادائیگیوں کو فوری طور پر روکا جائے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے گزشتہ ہفتے کسانوں کے لئے مراعاتی پیکیج کا اعلان کیا تھا جسے سیاسی جماعتوں نے مسترد کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی کوشش قرار دیا تھا اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے بھی اس کا نوٹس لے لیا ہے۔