کراچی (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے ایک بار پھر وزیراعظم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم جمہوری حکومت نہیں بادشاہت کرتے ہیں۔
بلوچستان روانگی سے قبل کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے مسئلے کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، نوازشریف اگرمسئلے کو صحیح طرح ہینڈل کرتے تو آج یہ نقصان نہ ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کا معاملہ پارلیمنٹ میں آتا تو ڈیڈ لاک ہی نہ ہوتا، ڈیڈ لاک نواز حکومت کی وجہ سے پیدا ہوا ہے لہذا اب مسئلہ حل کرنا بھی ان کی ہی ذمہ داری ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، دونوں بھائی کسی کواعتماد میں لئے بغیر خود ہی فیصلے کرلیتے ہیں، ان کی وجہ سے ہی ملک کے دیگر حصوں میں پنجاب کے خلاف نفرت بڑھتی ہے، سی پیک منصوبے پر تمام لوگوں کو اعتماد میں لیا جائے۔
انھوں نے کہا کہ حکومت نے سی پیک کے نام پر 44 ارب کے قرضے لئے ہوئے ہیں جس میں سے 80 فیصد رقم توانائی کے منصوبوں کے لئے ہے، حکومت نے عوام پر 51 فیصد سیلز ٹیکس لگایا ہوا ہے، نواز شریف کے عوامی منصوبوں میں ذاتی فائدے ہوتے ہیں۔