اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف 3 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے، وزیر اعظم ریاض میں امریکا سعودی عرب اسلامی کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز بھی وفد میں شامل ہیں ۔ وزیر اعظم نواز شریف سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوگئے ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
وزیر اعظم نور خان ایئر بیس سے خصوصی طیارے کے ذریعے ریاض روانہ ہوئے ، وزیر اعظم نواز شریف 21 سے 23 مئی تک سعودی عرب میں قیام کریں گے ، وزیر اعظم ریاض میں امریکا عرب اسلامک سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
سربراہ اجلاس دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے شرکا کو مواقع فراہم کرے گا ۔ وزیر اعظم نواز شریف کانفرنس میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کریں گے ۔ اس کے علاوہ اسلام کے امن ، برداشت اور اتحاد کے پیغام کو بھی اجاگر کریں گے۔
کانفرنس میں سعودی فرمانروا اور امریکی صدر سمیت دیگر مسلم سربراہ مملکت مدعو ہیں ۔ وزیر اعظم نواز شریف کو دورے کی دعوت شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دی ہے ۔ وزیر اعظم کانفرنس کے شرکا کے ساتھ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مرکز کا بھی افتتاح کریں گے ۔ وزیر اعظم نواز شریف 22 مئی کو مدینہ منورہ جائیں گے۔