لاہور (جیوڈیسک) میاں نواز شریف کا دل ہر پاکستانی کے دل کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد مکمل صحت یاب کرے تاکہ وہ ملک و قوم کی خدمت کرتے ہوئے پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی جمہوری ملک بنا سکیں۔ میاں نواز شریف کاایک بڑا کارنامہ 28 مئی 1998ء کو بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں ایٹمی دھماکے کرنا ہے۔
ان خیالات کااظہار تحریک پاکستان کے مخلص کارکن، سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور میں وزیراعظم پاکستان و صدر پاکستان مسلم لیگ میاں محمد نواز شریف کے دل کے کامیاب آپریشن پر بارگاہ ایزدی میں اظہار تشکر کیلئے منعقدہ خصوصی تقریب کے دوران اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔
اس تقریب کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، چیف جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان، میاں فاروق الطاف، بیگم صفیہ اسحاق، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان، شہزاد خان، نائلہ عمر، نواب برکات محمود، شیخ ثناء اللہ، ڈاکٹر یعقوب ضیاء اور مسلم لیگی کارکنوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات بڑی تعداد میں موجود تھے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک ،نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانہ سے ہوا۔ حافظ مرغوب احمد ہمدانی نے تلاوت کلام پاک اور نعت شریف سنانے کی سعادت حاصل کی۔
پروگرام کی نظامت کے فرائض سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے انجام دیے۔ محمد رفیق تارڑ نے کہا کہ آج یوم تشکر ہے۔ اللہ تعالیٰ جب کسی قوم پر مہربان ہوتے ہیں تو قوم کو ایسا رہنما عطا فرما دیتے ہیں جو اپنے عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے خدمت خلق میں لگ جاتا ہے، میاں محمد نواز شریف بھی ایک ایسے ہی رہنما ہیں ۔ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں صحت کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے اور انہیں اتنی ہمت،توفیق اور وسائل عطا کرے کہ وہ ملک و قوم کی پریشانیوں کو دور کر کے پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی جمہوری ملک بنا سکیں۔ ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ یہ شکرانہ کی محفل ہے۔
ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ وزیراعظم میاں نواز شریف کا آپریشن کامیاب رہا ہے ،اب ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد مکمل صحت عطا فرمائے۔ ہم اس بات پر بھی اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کو انتشار سے بچائے رکھا۔ چیف جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں بعض ایسے مراحل آتے ہیں جب چند شخصیات کا وجود نہایت ضروری ہو جاتا ہے۔
ہمارا ملک جن مراحل سے گزر رہا ہے اس وقت میاں نواز شریف کا وجود بھی نہایت ضروری ہے ۔ ہم باری تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمارے رہبر اور وزیر اعظم میاں نواز شریف کو اس مشکل گھڑی میں ایک ایسے مرحلہ سے کامیابی سے گزارا جس کیلئے پوری قوم دعا گو تھی۔
پروگرام کے دوران میاں نواز شریف کے کامیاب آپریشن کی خوشی میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی جبکہ میاں فاروق الطاف ،بیگم صفیہ اسحاق ، ڈاکٹر پروین خان اور ڈاکٹر یعقوب ضیاء نے محمد رفیق تارڑ کو گلدستے پیش کیے۔ آخر میں چیف جسٹس(ر) خلیل الرحمن نے ملکی تعمیر و ترقی اور میاں نواز شریف کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کروائی۔