اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ آج خود احتسابی کا دن ہے، ہمیں سوچنا ہوگا کہ ماضی کی کن غلطیوں کی وجہ سے ہم دوسری قوموں سے پیچھے رہ گئے ہیں۔ اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عزب قومی عزم کی علامت ہے۔
حکومت دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔ آزادی کی نعمت کے تحفظ کے لیے معاشرے میں باہمی تعاون اور خیر سگالی کو بھی فروغ دینا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کو خوشحال بنانے کے لیے جدوجہد جاری رکھنی ہوگی۔
اتحاد اور اتفاق سے پاکستان کی تعمیر و ترقی کرنا ہوگی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے ایک آزاد خود مختار ریاست کا خواب دیکھا، جسے قائد اعظم محمد علی جناح کی بے مثال قیادت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا۔