اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ کے درمیان تمام گلے شکوے دور اور ناراضگیاں ختم ہو گئی ہیں جس کے بعد چوہدری نثار نے حکومتی اجلاسوں میں ایک بار پھر بھرپور طریقے سے شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے وزیراعظم نواز شریف اسلام آباد میں طویل ملاقات کی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی موجود تھے، ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان گزشتہ کئی ماہ سے جاری گلے شکوے دور کئے گئے اور تمام ملکی معاملات کو مشاورت سے طے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے تھے تاہم اس وقت بھی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے مداخلت کرکے دونوں رہنماؤں کے درمیان ناراضگیاں دور کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔