کراچی (جیوڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔
سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس احمد علی شیخ پر مشتمل سنگل بینچ نے وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے قانونی معاونین اور فریقین کے وکلا کی جانب سے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جسے منگل کو سنایا گیا، اپنے فیصلے میں عدالت نے قرار دیا کہ وزیراعظم نواز شریف کا بیان توہین عدالت کے زمرے میں نہیں آتا، درخواست غلط بیانی پر مبنی ہے۔
واضح رہے کہ درخواست گزار نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے کہا تھا کہ کراچی میں فاضل جج مجرم کے اعتراف جرم کے باوجود اس کے حق میں فیصلہ لکھتے ہیں، انہوں نے اس طرح کا بیان دے کر عدالت کی توہین کی ہے اس لئے انہیں بھی اسی طرح عدالت میں طلب کیا جائے جسے یوسف رضا گیلانی اور راجا پرویز اشرف کو طلب کیا گیا تھا۔