اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کل ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔ جہاں وہ کراچی ایکسپو سینٹر میں پاکستان کی سب سے بڑی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔
اس کے علاوہ وہ گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کی عیادت بھی کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اپنے دورے کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی ملاقات کریں گے جس میں کراچی آپریشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے، اس کے علاوہ وہ وفاقی حکومت کے تعاون سے بننے والے گرین لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیرِصدرات میں گورنر ہاؤس میں امن وامان کی صورت حال پر اعلی سطح کا اجلاس بھی متوقع ہے۔
واضح رہے کہ ملک کی سب سے بڑی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016ء کل سے کراچی میں شروع ہورہی ہے، جو چھبیس نومبر تک جاری رہے گی۔ نمائش میں 43 ممالک سے نوے وفود شرکت کریں گے جبکہ 261 غیر ملکی اور 157 پاکستانی اسلح ساز کمپنیاں اپنی مصنوعات پیش کریں گی۔