وزیر اعظم نواز شریف سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات’ جے یو آئی (ف) کو وفاقی حکومت میں شامل کرنے کا فیصلہ
Posted on August 29, 2013 By Geo Urdu اسلام آباد
اسلام آباد (پی پی سی) وزیر اعظم نواز شریف سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات جے یو آئی (ف) کو وفاقی حکومت میں شامل کرنے کا فیصلہ اکرم درانی کو وفاقی وزیر بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا عہدے کا حلف صدر آصف علی زرداری کی کراچی سے اسلام آباد واپسی پر اٹھائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارٹی وفد کے ہمراہ وزیر اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعظم نواز شریف سے ان کے ماموں عبدالحمید بٹ کے انتقال پر تعزیت کی اور مرحوم ایصال ثواب اور درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی اور امن و امان کی صورتحال سمیت دہشت گردی کے خلاف جنگ خیبر پختونخوا بلوچستان اور فاٹا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حالیہ ضمنی الیکشن کے معاملات بھی زیر غور آئے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں جے یو آئی (ف) کو وفاقی حکومت میں شامل کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس ضمن میں جے یو آئی (ف) کے رہنما اکرم درانی کو وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ بعد میں وزیر اعظم کی ایڈوائس پر کابینہ ڈویژن نے اکرم درانی کو وفاقی وزیر بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تاہم وہ صدر آصف علی زرداری کی اسلام آباد واپسی پر عہدے کا حلف اٹھائیں گے جو ان دنوں کراچی میں ہیں۔