اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نوازشریف نے قومی صحت پروگرام کا افتتاح کر دیا، پروگرام کے تحت 7 بیماریوں کا علاج معالجہ مفت کیا جائے گا۔
پہلے مرحلے میں پروگرام ملک کےپندرہ اضلاع میں شروع کیا جائے گا، بارہ لاکھ خاندانوں کو صحت کارڈ فراہم ہونگےاور سالانہ تین لاکھ روپے تک علاج کی سہولت حاصل ہو گی، علاج ومعالجے کی سہولیات سے متعلق ہیلپ لائن پر مفت کال کی جاسکتی ہے۔
سائرہ افضل تارڑ نے وزیراعظم کو پاکستان صحت کارڈ سے متعلق بریفنگ دی۔ تقریب سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ صحت پروگرام کا اجرا عوام سے کیے گئے ایک اور وعدے کی تکمیل ہے،رکاوٹوں کے باوجود ایک سال میں پروگرام کا آغاز کردیا گیا۔
وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 50فیصدافرادبیماریوں کی وجہ سے غربت کا شکارہیں۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی صحت پروگرام وزیراعظم کی خواہش تھی، پروگرام کو ملک بھر میں پھیلایاجائے گا۔
چیئرمین نادرا عثمان مبین نے وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 63 ہزار خاندانوں کے صحت کارڈز بن چکے ہیں۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار، خرم دستگیر، سائرہ افضل تارڑ، مریم نواز، انوشہ رحمان ، بلیغ الرحمان اور طارق فضل چودھری بھی تقریب میں شریک تھے۔