اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سرکاری دورے پر چین روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کریں گے جو عالمی تعاون کے حوالے سے 14 اور 15 مئی کو منعقد کیا جائے گا۔
وزیر اعظم کے ہمراہ جانے والے وفد میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور وزیر اعلیٰ بلوچستانثناءاللہ زہری سمیت دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔
اس کے علاوہ وفد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، منصوبہ بندی و ترقی کے وفاقی وزیر احسن اقبال ، وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر مملکت انوشہ رحمٰن، امور خارجہ کے بارے میں وزیر اعظم کے مشیر سرتاج عزیز بھی شامل ہیں۔
اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم محمد نواز شریف 14اور 15مئی کو بیجنگ میں چین کی حکومت کے زیر انتظام بین الاقوامی تعاون کے لئے ون بیلٹ ون روڈ فورم میں شرکت کریں گے۔
وہ فورم کے دوسرے روز رہنماؤں کے گول میزاجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔نوازشریف صدر ژی جن پنگ اور وزیراعظم Li Kaqiang سے بھی ملاقاتیں کریں گے جن میں دونوں دوست ملکوں کےدرمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پرغور کیاجائے گا۔
دورے کے دوران چینپاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے متعدد معاہدوں پردستخط بھی متوقع ہیں۔
توقع ہے کہ وزیراعظم ایک پٹی ایک شاہراہ فورم کے موقع پرکئی عالمی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔ وہ ایک سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت اور کاروباری شعبے کی سرکردہ شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔