ڈیرہ اسماعیل خان (سید توقیر زیدی) صوبائی وزیر مال خیبر پختونخواہ سردار علی امین خان گنڈہ پور نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں نواز شریف نے قوم کا پیسہ لوٹ کہ بیرون ملک منتقل کیا۔ قوم ان سے دولت کا حساب مانگتی ہے ۔ انکو استعفیٰ دینا ہوگا۔ عمران خان عوام کی امیدوں کی کرن ہیں۔
مولانا فضل الرحمن وزیراعظم سے دورہ ڈیرہ کے دوران اچانک اربوں روپے کے منصوبوں کا اعلان کرواکر اپنی ڈوپتی کشتی کو نہیں بچاپائیں گے ۔ لفٹ کینال پراجیکٹ کا افتتاح پی ٹی آئی کی خیبر پختونخواہ حکومت کرے گی ۔ پی ٹی آئی کی ضلعی حکومت کو کوئی مائی کا لعل نہیں گراسکتا ۔پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کامیاب امیدواروں کو پارٹی پالیسی کے خلاف جے یو آئی کا ساتھ دینے پر غداری کا حساب دینا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا ۔ سردار علی امین خان گنڈہ پور نے کہا کہ نواز شریف اور مولانا فضل الرحمن دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کے جلسہ سے عوام کو بے وقوف نہیں بناسکتے ۔ انہوں نے عوام کو غلط آئینہ دکھایا ۔جن اربوں روپے کے منصوبوں کی نوید سنائی گئی ۔ حقیقت میں ان منصوبوں کیلئے بجٹ میں کوئی رقم اب تک مختص ہی نہیں کی گئی ۔ لفٹ کینال پراجیکٹ کیلئے 35فیصد حصہ پی ٹی آئی حکومت نے دینا ہے ۔ اس وجہ سے اس کا افتتاح بھی ہم کرینگے۔
انہوںنے کہاکہ مولانا تین سالوں میں عوام سے غائب تھے ۔ لیکن آج دوبارہ عوام کی آنکھوں میں مرچیں ڈالنا چاہتے ہیں ۔ اگر ان کو اپنے اوپر اعتماد ہے تو وہ اور میں استعفیٰ دے کر NA24ڈیرہ کی نشست پر دوبارہ الیکشن لڑتے ہیں ۔ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی سامنے آجائے گا۔
مولانا فضل الرحمن اپنے حلقہ کی عوام کو بتائیں کہ انہوں نے اب تک کون سے ترقیاتی کام کئے ہیںعلی امین نے کہا کہ جب تک وہ زندہ ہیں پی ٹی آئی کی ضلعی حکومت کو نہیں گرایا جاسکتا ۔ جن پی ٹی آئی کے ممبران نے غداری کی ان کو اپنی اپنی یونین کونسلوں میں ان کے انجام تک پہنچائیں گے۔
انہوں نے کہ علاقے میں ترقی کا سفر تیزی سے دوبارہ شروع ہے ۔ بنوں روڈ ، ظفر آباد روڈ اور ڈیال روڈ کی نکاسی آب کے منصوبوں پر کام شروع ہے ۔ ٹانک روڈ سے دین پور روڈ تک سٹرک کی تعمیر کے ٹینڈر ہوچکے ہیں اس پر بھی جلد کام شروع ہوجائے گا۔
علاقے میں نکاسی آب کے منصوبوں کیلئے 50کروڑ روپے منظور ہیں جن سے ڈیرہ شہر، گیلانی ٹائون ،ڈیوالہ ، توصیف آباد ودیگر ملحقہ آبادیوں میںنکاسی آب کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔