لاہور (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے حقیقی معنوں میں اقتدار عوام تک منتقل کرنے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مئی میں بلدیاتی انتخابات کا اگلا مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔ وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت گورنر ہاؤس لاہور میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، وزیراعلیٰ شہباز شریف اور وفاقی و صوبائی وزراء نے شرکت کی، اجلاس میں پنجاب میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور ترقیاتی پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے حقیقی معنوں میں اقتدار مقامی سطح پر منتقل کرنے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا اگلا مرحلہ مئی میں مکمل ہو جائے گا اور تعلیم، صحت اور پینے کا صاف پانی عوام کو پہنچائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی کے لئے میگا پراجیکٹس ضروری ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی ضروری ہے، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر بھرپور توجہ دیں گے اور مسائل حل کئے جائیں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ عوامی مسائل ان کے حلقوں میں ہی حل کئے جائیں اور منتخب نمائندے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر بھرپور توجہ دیں۔ انھوں نے کہا کہ بجلی، گیس اور انفرا انسٹرکچر کے پروجیکٹس 2018 تک مکمل ہو جائیں گے۔