اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے 23 کلو میٹر طویل راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس کا افتتاح کردیا۔
کنونشن سینٹر اسلام آباد میں میٹروبس سروس کے افتتاح کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب عباسی، گورنربلوچستان محمد خان اچکزئی، گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک، وزیراعلی پنجاب شہباز شریف ، وفاقی وزرا اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ آج ایک تاریخی دن ہے اس خوشی کے موقع پر چاروں صوبوں کی نمائندگی باعث اعزاز ہے لہذا قومی یکجہتی کےمنصوبے کو راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس کے بجائے پاکستان میٹروبس منصوبہ کہا جائے اور پاکستان کی ترقی کے لئے ملک کی چاروں اکائیاں ملکر کام کریں۔
اس سے قبل وزیراعظم نوازشریف نے میٹروبس منصوبے کا افتتاح کیا تو تینوں صوبوں کے گورنرز، وزرائے اعلیٰ،مولانا فضل الرحمان اورمحمود خان اچکزئی بھی ان کے ہمراہ تھے۔