اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی دارالحکومت میں ریڈ زون میں داخل ہونے والوں کو طاقت کے استعمال سے روکنے کی مخالفت کر دی ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے پرامن طریقے سے ریڈ زون میں داخل ہونے والوں کے خلاف کسی قسم کی طاقت کا استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ اور پولیس حکام کو حکم دیا ہے کہ ریڈ زون میں داخل ہونے والوں پر کسی صورت گولی نہ چلائی جائے اور نہ ہی ان پر لاٹھی چارچ یا آنسو گیس پھینکے جائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے سیاسی جماعتوں کے ساتھ تمام معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنا چاہتے ہیں۔
نواز شریف نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ مظاہرین ریڈ زون میں جہاں بیٹھنا چاہیں بیٹھ جائیں تاہم ڈپلو میٹک انکلیو اور اہم تنصیبات کی عمارتوں کی جانب پیش قدمی سے گریز کیا جائے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا تھا کہ ہم پر امن طریقے سے ریڈ زون کی جانب بڑھیں گے اور ایک گملہ بھی نہیں ٹوٹے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے اسلام آباد میں جاری آزادی مارچ کے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہا تھا منگل کو شام 5 بجے ریڈ زون کی جانب پیش قدمی کی جائے گی اور اگر کسی نے ہمارے کارکنوں پر گولی چلانے کی کوشش کی تو پھر عوام کے سمندر کو کوئی طاقت نہیں روک سکے گی۔