اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے ترجمان نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر باضابطہ ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹیشن کے اندراج سے لے کر فیصلے تک مختلف مراحل پر شدید تحفظات کے باوجود اس فیصلے پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ فیصلے کے فورا بعد میاں نواز بطور وزیر اعظم اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئے ہیں۔
ترجمان نے کہا پورے عدالتی عمل کے دوران ایسی مثالیں قائم ہوئی ہیں جن کی کوئی نظیر ماضی کی 70 سالہ تاریخ میں نہیں ملتی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ فیصلے کے بارے میں اپنے شدید تحفظات کے حوالے سے تمام آئینی و قانونی آپشنز استعمال کئے جائیں گے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ منصفانہ ٹرائل کے آئینی اور قانونی تقاضے بری طرح پامال کئے گئے،ہمارے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے،اس فیصلے پر تاریخ کا فیصلہ ہی اصل فیصلہ ہوگا، انشاء اللہ میاں نواز شریف اللہ اور عوام کی عدالت میں سرخرو ہوں گے۔