ریاض (جیوڈیسک) وزیراعظم نوازشریف نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی موجود ہیں۔
پاکستان، سعودی عرب اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کم کرانے کے لیے سرگرم ہوگیا۔ اس حوالے سے وزیراعظم نواز شریف نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں سعودی کابینہ اور شاہی خاندان کے افراد بھی شریک ہیں۔ وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک ہیں۔
اس سے پہلے وزیراعظم نواز شریف کی ریاض کے گورنر سے بھی ملاقات ہوئی، جبکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق آرمی چیف کا سعودی وزیر دفاع سے کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال سے امت مسلمہ کمزور ہورہی ہے، انہوں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہوئے ایران اور سعودی عرب کے درمیان رابطے بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا۔
ایران اور سعودی عرب میں مصالحت کا مشن لیے وزیراعظم اور آرمی چیف ریاض پہنچے ہیں ۔ سعودی عر ب کے دورے کے بعد وزیراعظم اور آرمی چیف تہران جا کر ایرانی صدر سے اس صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے۔