مٹھی (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے وزیر اعلیٰ سندھ ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کریں۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ تھرپارکر کو آفت زدہ قرار دے کر گندم بھجوائی لیکن تقسیم میں کوتاہی ہوئی۔
وزیراعظم نواز شریف تھرپارکر پہنچے تو پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ سندھ نے وزیراعظم کو تھر کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ چولستان اور تھرپارکر کے حالات ایک جیسے ہیں تو تھرپارکر میں اتنی اموات کیوں ہوئی ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے اقدامات کئے جائیں کہ دوبارہ یہ صورتحال پیدا نہ ہو۔
نواز شریف نے وزیر اعلیٰ سندھ کو صورتحال کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی کی اور متاثرین کیلئے امدادی پیکج کا بھی اعلان کیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی تقسیم کے ذمہ دار افسر اور ضلعی انتظامیہ کو تبدیل کر دیا اور مانٹرنگ ٹیم بھی بنا دی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے گندم کی تقسیم کے عمل میں کوتاہی کا بھی اعتراف کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ تھرپارکر میں غذائی قلت قدرتی حادثہ ہے مشکل وقت میں تعاون پر وزیراعظم کے شکرگزار ہیں۔