لندن (جیوڈیسک) برطانیہ کے پانچ روزہ دورے پر لندن پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات میں ہم آہنگی ہے۔
سعودی حکام سے ملاقاتیں بہت مثبت رہیں ، کوئی دباؤ نہیں ڈالا ، نہ ہی مطالبات کی کوئی فہرست دی۔ سالمیت کو خطرہ ہوا تو کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہوں گے۔
وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے اقتصادی حالات بہتر ہو رہے ہیں ، چینی صدر بہت بڑی سرمایہ کاری لے کر آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری کا فائدہ کسی ایک کو نہیں چاروں صوبوں کو ہوگا تاہم پاکستان سے حسد کرنے والے ترقی کا سفر سبوتاژ کر سکتے ہیں جنہیں ناکام بنائیں گے ۔ چینی صدر کے دورے میں تاخیر دھرنوں کی وجہ سے ہوئی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا میڈیا مصالحے دار چیزیں زیادہ دکھاتا ہے ، بجلی اور پٹرول کی قیمتیں کم ہوئیں وہ بھی تو عوام کو بتائیں ، پاکستان میں مہنگائی چار سال کی کم ترین سطح پر آگئی، وزیر اعظم نے پاکستانی سرمایہ کاروں کو انڈسٹری لگانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ بجلی اور گیس کی قلت ختم ہونے والی ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ گوادر بین الاقوامی شہر بننے جا رہا ہے ، پورٹ قاسم پر بجلی کے نئے منصوبے شروع کریں گے۔