ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکار ویوک اوبرائے نے کہا ہے کہ انہیں وزیراعظم نواز شریف سے ملکر بے حد اچھا لگا، وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کیلئے کوشاں ہیں۔ ویوک اوبرائے نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شریک تھے۔
تقریب سے واپسی پر ممبئی میں ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ویوک اوبرائے نے کہا کہ حلف برداری کی تقریب میں انکی ملاقات پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف سے بھی ہوئی ،ان سے مل کر بے حد اچھا لگا ،وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کیلئے خلوص نیت سے کوشاں ہیں۔
ویوک اوبرائے نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ نواز شریف اور نریندرمودی کی حکومتوں کے درمیان جیسے جیسے معاملات آگے بڑھیں گے ، ویسے ویسے پاکستان اور بھارت کے درمیان امن اور اتحاد کی فضا قائم ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ حلف برداری کی تقریب میںنواز شریف کی شرکت پاکستان اور بھارت کے درمیان خوشگوار تعلقات کے نئے باب کی شروعات ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی سے بھی ملاقات کرکے بے حد خوشی ہوئی ہے ، وہ امید کرتے ہیں کہ انکی حکومت کے دور میں بھارت ترقی کی منازل تیزی سے طے کرے گا۔