وزیراعظم نواز شریف کو امریکی وزیر خارجہ کا ٹیلی فون، دورہ بھارت کو سراہا

John Kerry,Nawaz Sharif

John Kerry,Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کو امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے ٹیلی فون کیا جس میں دونوں رہنماؤں نے دورہ بھارت اور پاک امریکا تعلقات سمیت افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا پرتبادلہ خیال کیا۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے نومنتخب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کے اپنے ہمسایوں کے ساتھ بہتر اور مثالی تعلقات کی خواہش کا احترام کرتے ہیں اور خطے کے عوام کی فلاح، خوشحالی و ترقی یقینی بنانے کے لیے ہمسایہ ممالک سےد وستی کے لیے ہاتھ بڑھانے میں پہل کرنے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

جان کیری نے افغانستان میں عام انتخابات کے موقع پر پاک افغان بارڈر پر حکومت کی جانب سے کیے گئے انتظامات اور مستقبل میں بھی ان کی یقین دہانی کرانے پر وزیراعظم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے پاک امریکا تعلقات کو نئے دور میں داخل کرنے کے لیے اسٹریٹجک ڈائیلاگ پر بھی اطمینان کا اظہار کیا جبکہ وزیراعظم نوازشریف نے فون کرنے اور نیک خواہشات کے اظہار پر جان کیری کا شکریہ ادا کیا۔