اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت اور اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے 4 ناموں کی فہرست مرتب کرلی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے 4 نام شارٹ لسٹ کرلیے ہیں جن میں وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس جسٹس سردار رضا، جسٹس(ر) شاکراللہ ، جسٹس(ر) طارق پرویز اور جسٹس(ر) میاں محمد اجمل کے نام شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کے برطانیہ جانے کےبعد قائد حزب اختلاف اور وزیراعظم کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں آئندہ چیف الیکشن کمشنر کے لیے ان چار ناموں پر تفصیلی مشاورت کی گئی جبکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بھی خورشید شاہ کو ٹیلی فون کیا اور دونوں رہنماؤں نے چیف الیکشن کمشنر کے نام پر مشاورت کی۔
واضح رہے سپریم کورٹ کی جانب سے حکومت کو چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے 5 دسمبر کی مہلت دی گئی ہے بصورت دیگر قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس انور ظہیر جمالی کی خدمات کو واپس لے لیا جائے گا جبکہ اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ کو 5 دسمبر تک چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کی یقین دہانی کرادی ہے۔