اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کو شاندار کامیابی اور افغانستان کو عمدہ کھیل پر مبارکباد دی ہے۔ پاکستان نے ورلڈکپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اپنے اہم میچ میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دی۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں قومی ٹیم کو افغانستان کےخلاف کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ ‘افغانستان کے ساتھ میچ کے دوران شدید دباؤ کی کیفیت میں حواس قابو میں رکھنے اور بالآخر جیت اپنے نام کرنے پر میں قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں’۔
عمران خان نے مزید لکھا کہ ‘آج پاکستان اور اس سے قبل بھارت کیخلاف میدان میں نہایت تحمل اور ثابت قدمی آزمانے پر افغان کرکٹ ٹیم بھی خصوصی مبارکباد کی مستحق ہے’۔
افغانستان کیساتھ میچ کے دوران شدید دباؤ کی کیفیت میں حواس قابو میں رکھنے اور بالآخر جیت اپنے نام کرنے پر میں قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آج پاکستان اور اس سے قبل بھارت کیخلاف میدان میں نہایت تحمل اور ثابت قدمی آزمانے پر افغان کرکٹ ٹیم بھی خصوصی مبارکباد کی مستحق ہے۔
قائد حزب اختلاف و صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کو افغانستان سے جیت پر مبارکباد دی۔
اپنی ٹوئٹ میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ٹیل اینڈرز عماد، شاداب اور وہاب نے شدید دباؤ میں شاندار کھیل پیش کیا اور پاکستان کو یہ کامیابی مبارک ہو۔
برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر نفیس زکریا نے بھی قومی ٹیم کو فتح پر مبارکباد دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے تمام شعبوں میں بہترین پرفارمنس دی، امید کرتا ہوں کہ پاکستان اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم اس جیت کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر آگئی ہے اور اس کے 9 پوائنٹس ہیں جبکہ اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں بھی برقرار ہیں۔